نئی دہلی، 28؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج الزام لگایا کہ دہلی میں اس کے ممبران اسمبلی کو نشانہ بنائے جانے کے پیچھے سرغنہ وزیر اعظم نریندر مودی ہیں اور دعوی کیا کہ اس کے مزید ممبران اسمبلی کو گرفتار کیا جائے گا لیکن پارٹی اس سے ڈرے گی نہیں۔سینئر پارٹی لیڈر آشوتوش نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ہمارے دو ممبران اسمبلی نریش یادو اور امانت اللہ خان کو ایک ہی دن گرفتار کیا گیا۔پولیس نے خان کے خاندان والوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور زبردستی انہیں اٹھا لیا۔اسی طرح کا سلوک اسمبلی کے نائب صدر راکھی بڑلا کے ساتھ کیا گیا۔ہمارے ممبران اسمبلی پر مسلسل حملوں کے پیچھے کے سرغنہ صرف مودی جی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح ایک مسئلہ کو لے کر رکن اسمبلی شرد چوہان سے 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔اس مسئلے کو لے کر آپ کی مداخلت کے بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔آشوتوش نے جھوٹے الزامات کے تحت 10ممبران اسمبلی کی گرفتاری، ایک رکن اسمبلی کے خلاف انکم ٹیکس محکمہ کی چھاپہ ماری اور وزراء کے پارلیمانی سکریٹری بنائے گئے 21ممبران اسمبلی کو نااہل قراردینے کی کوشش کا حوالہ دیا۔انہوں نے کہاکہ مجھے اپنے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ راکھی اور چوہان کو آج شام تک گرفتار کیا جا سکتا ہے لیکن ہم لوگ صرف اتنا کہنا چاہتے ہیں کہ ملک سب کچھ دیکھ رہا ہے اور ہم لوگ کسی بھی چیز سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔دہلی کے وزیر اعلی نے کل وزیر اعظم پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا تھا کہ مودی ان کو مروا سکتے ہیں اور آپ ممبران اسمبلی کو بڑی قربانی کے لیے تیار رہنے کے لیے کہا تھا، جس کے ایک دن بعد آشوتوش کا یہ بیان آیا ہے۔